جعہ کے مسائل فقہ شافعی کی روشنی میں
💐نماز جمعہ کے مسائل فقہ شافعی کی روشنی میں💐
سوال ۔ جمعہ کی نماز واجب ہونے کے شرائط کیا ہے ؟
جواب۔ جمعہ کی نماز واجب ہونے کے شرائط یہ ہیں (1) مسلمان ہونا (2)مکلف(عاقل بالغ) ہونا (3)مردہونا (4)معذور نہ ہونا (5)اہل وطن ہونا (6)آزادہونا
{📚قرہ العین ص١٣٤۔١٣٥}
سوال ۔ جمعہ کی نمازصحیح ہونے کے شرائط کیا ہیں؟
جواب۔ جمعہ کی نمازصحیح ہونے کے شرائط یہ ہیں
(1) جمعہ کی نماز بستی میں ہو چاہیےشہر ہو یا گاؤں (2) جمعہ پڑھنے والے کم سے کم ٤٠ایسے آدمی ہو جن پر جمعہ فرض ہے(جن سے جمعہ منعقد ہوتا ہے )(3)جمعہ ظہر کے وقت میں ہو (4)نمازسے پہلے ٢خطبے ھوں(5) پہلی رکعت میں جمعہ کی نمازجماعت سے پڑھی جائے اس حال میں کہ امام نے امامت کی نیت کی ہو
(📚فتح المعین مع اعانتہ ص٥٥ تا ٦٣ا)
سوال ۔دونوں خطبوں کے شرائط کیا ہیں ؟
جواب۔دونوں خطبوں کے شرائط یہ ہیں (1)دونوں خطبے کھڑے ہوکر دئے جائیں (2)دونوں خطبے عربی زبان میں ہوں (3) دونوں خطبے ظہر کے وقت میں اور نمازسے پہلے ہوں (4) دونوں خطبوں کے درمیان کم سےکم طمانیت کی مقدار بیٹھیں (5) دونوں خطبے اتنی آوازسے دیں کہ ان کے ارکان ان ٤٠آدمیوں کو سنائی دیں جن سے نمازجمعہ صحیح ہوتی ہے (6) دونوں خطبوں کے درمیان زیادہ وقفہ نہ ہو اسی طرح خطبوں اور نماز کے درمیان بھی (7) خطیب باوضو ہو (8) خطیب کا بدن وکپڑا اور خطبہ دینے کی جگہ پاک ہو (9) خطیب کا ستر چھپا ہوا ہو
{📚فیض الہ المالک ج١ص٢٠٠ انوار السنیہ شرح الدرالبہیہ ص١٠٧}
سوال ۔خطبوں کے ارکان کیا ھیں؟
جواب ۔ ۔خطبوں کے ارکان یہ ہیں (1)دونوں خطبوں میں الحمد اللہ کہنا (2) دونوں خطبوں میں حضور ﷺپر درود پڑھنا (3) دونوں خطبوں میں تقوی وپرہیزگاری کی وصیت کرنا (4) کسی ایک خطبہ میں قرآن مجید کی کم سے کم ١ آیت پڑھنا (5)دوسرء خطبے میں مسلمانوں کے لئے دعا کرنا {📚منہاج مع مغنی ج١ص٢٨٥}
سوال ۔کیا خطبے بوجہ مجبوری بیٹھکر دے سکتے ہیں .؟
جواب۔ہاں بوجہ مجبوری بیٹھکر خطبے دے سکتے ہیں ۔دوخطبوں کے درمیان بیٹھنے کی صورت میں خاموشی کے ذریعے فصل کرے {📚المجموع ج٤ص٥١٥}
سوال ۔کسی ایک خطبے میں درود نہ پڑھا گیا تو کیا خطبہ صحیح ہوگا ۔؟
جواب۔ خطبوں کے ارکان پانچ ہیں (1)اللہ کی حمد (2)رسول اللہﷺپر درود پڑھنا (3)تقوی کی وصیت کرنا یہ تین ارکان دونوں خطبوں میں ہیں ۔لہذا
اگر ایک خطبہ میں درود نہ پڑھاگیا تو خطبہ صحیح نہ ہوگا
{📚مغنی ج١ص٢٨٥}
سوال ۔خطبہ کے رکن درود میں صرف ضمیر کا لوٹانا یعنی صلی اللہ علیہ کہناکافی ہوگا یا نہیں؟
جواب ۔ ۔خطبہ کے رکن درود میں صرف ضمیر کا لوٹانا یعنی صلی اللہ علیہ کہناکافی نہ ہوگا{📚مغنی ج١ص٢٨٥}
سوال ۔کیا دوران خطبہ اگر آپ ﷺکا نام آئے تو درود پڑھ سکتے ہیں .؟
جواب۔ ہاں دوران خطبہ اگر آپ ﷺکا نام آئےتو درود پڑھ سکتے ہیں{📚فتح الوہاب ج١ص٧٦} اسی طرح دعائیہ الفاظ پر آمین بھی کہہ سکتے ھیں
سوال۔کیا خطبوں کے وقت بات کرنا مکروہ ہے ۔؟
جواب ۔ ہاں خطبوں کے وقت بات کرنا مکروہ ہے۔{📚فتح المعین مع اعانتہ الطالبین ج١ص٨٥} سوال ۔جس شخص کو خطبہ کی آواز نہ آتی ہو وہ کیا کرے۔؟
جواب ۔ ۔جس شخص کو خطبہ کی آواز نہ آتی ہو وہ خاموش رہے یاذکر وتلاوت میں مشغول ہوجائے {📚فتح الوہاب ج ١ص٧٦}
سوال۔خطبہ کے دوران آنے والے شخص کے لئے تحیتہ المسجد کی نمازکا کیا حکم ہے۔؟
جواب۔ خطبہ کے دوران آنے والے شخص نماز تحیتہ المسجد کی مختصر ٢رکعت پڑھ لے {📚اقناع ج١ص١٥٩}
سوال ۔کیا دوسری رکعت میں امام کے ساتھ شامل ہونے سے نمازجمعہ مل جاتی ہے۔؟
جواب ۔ہاں دوسری رکعت میں امام کے ساتھ شامل ہونے سے نمازجمعہ مل جاتی ہے۔ اس کے بعد شامل ہونے سے نہیں ملتی لہذا نمازظہر پڑھے{📚انوار السنیہ شرح الدرالبہیہ ص ١٠٦}
سوال۔جمعہ کی سنتیں کیا ہیں ۔؟
جواب۔ جمعہ کی سنتیں یہ ہیں(1)غسل کرنا (2)اچھا اور سفید لباس پہننا (3)ناخن تراشنا (4)خوشبو لگانا (5)سورہ کہف پڑھنا (6)حضور ﷺپرکثرت سے درود پڑھنا (7)خطبہ کےوقت خاموش رہنا {📚کفایتہ الاخیار ج١ص١٢٢} سوال ۔کیا ممبر پر خطبہ دینا سنت ہے۔؟
جواب ۔ہاں ممبر پر خطبہ دینا سنت ہے۔{📚انوارالسنیہ شرح الدرالبہیہ ص١٠٧}
سوال ۔ممبر کس جانب بنانا سنت ہے۔؟
جواب ۔ممبر محراب کے دائیں جانب بنانا سنت ہے ۔{📚مغنی المحتاج ج١ص٢٨٨}
سوال۔ممبر کے لئے کتنی سیڑھیاں بنانا مستحب ہے۔؟
جواب۔ ممبر کے لئے چار سیڑھیاں بنانا مستحب ہے۔ {📚مغنی المحتاج ج١ص٢٨٩}
سوال ۔نمازجمعہ میں کونسی سورتیں پڑھنا سنت ہے۔؟
جواب ۔نماز جمعہ کی پہلی رکعت میں سورہ فاتحہ کے بعد سورہ جمعہ اور دوسری رکعت میں سورہ منافقون یا پہلی رکعت میں سورہ اعلی اور دوسری رکعت میں سورہ غاشیہ پڑھنا سنت ہے {📚مغنی المحتاج ج١ص٢٩٠}
سوال ۔کیا امام کے لئے دوخطبوں کے درمیان سورہ اخلاص پڑھنے کی مقدار بیٹھنا مستحب ہے۔؟
جواب۔ہاں امام کے لئے دوخطبوں کے درمیان سورہ اخلاص پڑھنے کی مقدار بیٹھنا مستحب ہے۔ {📚مغنی المحتاج ج١ص٢٩٠}
سوال۔امام دوخطبوں کے درمیان بیٹھنے کی حالت میں کیا کرے ۔؟
جواب۔ امام دوخطبوں کے درمیان بیٹھنے کی حالت میں تلاوت یا دعاکریں ۔ {📚مغنی المحتاج ج١ص٢٨٨}
🖊📖طالب دعا محمد لقمان سمناکے شافعی
🕌صدر مدرس مدرسہ عربیہ نورالعلوم راجہ پور 9422800951📱
|
No comments:
Post a Comment